گئے ہم جو الفت کی واں راہ کرنے

ردیف: کرنے

گئے ہم جو الفت کی واں راہ کرنے

ارادے سے چاہت کے آگاہ کرنے

کہا اس نے آنا ہوا کس سبب سے

کہا آپ کے دل کو ہم راہ کرنے

بٹھایا اور اک چٹکی لی ایسی جس سے

لگے منہ بنا ہم وہیں آہ کرنے

جو یہ شکل دیکھی تو چٹکی بجا کر

کہا یوں نظیرؔ اور لگا واہ کرنے

میاں ایک چٹکی سے کی آہ رک کر

اسی منہ سے آئے ہو تم چاہ کرنے

ماخذ: ویکی ماخذ · نظیر اکبر آبادی