گرچہ تُو زندانیِ اسباب ہے

گرچہ تُو زندانیِ اسباب ہے

قلب کو لیکن ذرا آزاد رکھ

عقل کو تنقید سے فرصت نہیں

عشق پر اعمال کی بنیاد رکھ

اے مسلماں! ہر گھڑی پیشِ نظر

آیۂ ’لاَ یُخلِفُ الْمِیْعَاد‘ رکھ

یہ ’لِسان العصر‘ کا پیغام ہے

“اِنَّ وعْد اللہِ حقٌ یاد رکھ”

ماخذ: ویکی ماخذ · علّامہ محمد اقبال